Here is best farewell speech in Urdu written PDF file!
جنابِ صدر، معزز اساتذہ کرام، اور پیارے ساتھیو!
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاته!
آج کی یہ پروقار الوداعی تقریب کلاس دہم کے تعلیم مکمل ہونے پر ان کے اعزاز میں انعقاد پزیر ہے۔ وقت کی نزاکت کے سبب میں اپنے جذبات و احساسات کو مختصر الفاظ میں پیش کرنے کی کوشش کروں گا۔
جو عِلم کا عَلم ہے، استاد کی عطا ہے
ہاتھوں میں جو قلم ہے، استاد کی عطا ہے
جو فکر تازہ دم ہے، استاد کی عطا ہے
جو کچھ کیا رقم ہے، استاد کی عطا ہے
آج کا دن جذبات سے بھرپور ہے۔ دل خوش بھی ہے اور اداس بھی۔ خوشی اس بات کی ہے کہ ہم نے اسکول کی ایک خوبصورت منزل کامیابی سے طے کر لی، اور اداسی اس بات کی کہ آج ہم اس درسگاہ سے رخصت ہو رہے ہیں جہاں بچپن کے سب حسین لمحے بیتے، جہاں ہم نے سیکھا، کھیلا، ہنسا، رویا، اور زندگی کے پہلے سبق پڑھے۔
آج ہم اپنے اس دوسرے گھر کو الوداع کہہ رہے ہیں۔ وہ کلاس رومز، وہ بلیک بورڈ، وہ گھنٹی کی آواز، وہ صبح کی اسمبلی، وہ دوستوں کی ہنسی، اور وہ اساتذہ کی شفقت—یہ سب اب یادیں بن کر دل میں محفوظ ہو رہے ہیں۔
گھڑی یہ الوداع کی ہے، بچھڑنا لازمی ٹھہرا
فضائے دوستاں کو اب، بدلنا لازمی ٹھہرا
ہمیں ایسے بچھڑنا ہے کہ گویا کل بھی ملنا ہے،
لگا کے حاضری چپکے نکلنا لازمی ٹھہرا
سب سے پہلے ہم اپنے ان عظیم اساتذہ کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے ہمیں صرف کتابوں کا علم ہی نہیں دیا بلکہ زندگی کا سلیقہ سکھایا۔ وہ ہمیں ڈانٹتے بھی تھے، سمجھاتے بھی تھے، اور ہر قدم پر ہمارا حوصلہ بڑھاتے تھے۔
اگر آج ہم کچھ ہیں، تو یہ انہی کی محنت، محبت اور دعاؤں کا نتیجہ ہے۔
ہمیں یاد ہے وہ پہلے دن جب ہم اسکول کے گیٹ پر ڈرے ڈرے سے کھڑے تھے۔ وقت کے ساتھ یہ جگہ ہماری پہچان بن گئی۔ دوست بنے، ٹیمیں بنیں، مقابلے ہوئے، اور ہر دن ایک نئی یاد چھوڑ گیا۔
آج جب ہم پیچھے مڑ کر دیکھتے ہیں تو احساس ہوتا ہے کہ یہ دن کتنے قیمتی تھے۔
پیارے ساتھیو!
یہ رخصتی کوئی اختتام نہیں بلکہ ایک نئی شروعات ہے۔ یہ زندگی کا نیا موڑ ہے۔ ہم سب مختلف راستوں پر روانہ ہو رہے ہیں، لیکن ہمارے دل ہمیشہ ان یادوں میں جڑے رہیں گے۔
ہمیں آگے بڑھنا ہے، خواب پورے کرنے ہیں، اور ان تمام دعاؤں اور محبتوں کو اپنی کامیابی میں بدلنا ہے۔
اپنی تقریر کا اختتام ان اشعار کے ساتھ کرنا چاہوں گا کہ
اے دوستو یہ ملاقات تم سدا رکھنا
بچھڑ بھی جاؤ تو یاروں کا سلسلہ رکھنا
بجھا دو جتنے بھی ہوں آج نفرتوں کے چراغ
بس اپنے پاس محبت کا ایک دیا رکھنا
دعا ہے کہ رب تعالیٰ ہم سب کا مستقبل روشن کرے، ہمیں کامیابی، عزت اور خوشیوں سے نوازے۔ آمین!
والسلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاته!